کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایوان وزیراعلیٰ میں تقریب اور ریلی کا اہتمام

Published On 27 October,2020 12:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ایوان وزیراعلیٰ میں تقریب اور ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ریلی میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے خصوصی شرکت کی۔

یوم سیاہ کے موقع پر کشمیر کمیٹی پنجاب کے زیر اہتمام ایوان وزیراعلیٰ میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں کشمیری ترانے گونجتے رہے، صوبائی وزراء سمیت عوام کی بڑی تعداد بھی تقریب میں شریک ہوئی۔

اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ایک سال سے زائد عرصہ ہوگیا، مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن ہے، کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا، کشمیریوں کی حمایت سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ ہم کشمیریوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم ان کے شانہ بشانہ ہیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے، آزادی کی جنگ کی کامیابی تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارت ریفرنڈم کیوں نہیں کروا لیتا، وہ جانتا ہے کہ کشمیری پاکستان کو ہی ووٹ دیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چودھری سرور نے فرانس میں توہین آمیز خاکوں اور پشاور دھماکے کی بھی مذمت کی۔
 

Advertisement