پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کیلئے سپورٹس سکول بنائے جائیں گے: عثمان بزدار

Published On 26 October,2020 10:15 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کیلئے سپورٹس سکول بنائے جائیں گے، ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں سپورٹس کمپلیکس بنائیں گے، خواتین کے لئے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر مخصوص جمنیزیم بنائے جائیں گے۔

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے ایوان وزیر اعلی میں صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے ملاقات کی اور دو سالہ محکمانہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔ صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے شائع کردہ سپورٹس نیوز لیٹر بھی پیش کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ سپورٹس و یوتھ افیئرز کی کارکردگی کو سراہا اور سپورٹس نیوز لیٹر کے اجراء کی بھی تعریف کی۔

عثمان بزدار نے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے مزید محنت اور جانفشانی سے کام کرنے کی ہدایت کی اور کہا پنجاب میں تحصیل اور نچلی سطح پر نئے سٹیڈیم اور گراؤنڈ قائم کیے جائیں گے، پنجاب گیمز کی بحالی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا نمایاں کارنامہ ہے، کبڈی اور دیگر روایتی کھیلوں کو فروغ دیا جائے گا۔ صوبائی وزیر کھیل نے بتایا کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے جامع پلان تیار کیا ہے۔
 

Advertisement