وزیراعلیٰ پنجاب نے حفیظ سینٹر کے تاجروں کے لئے بڑے پیکیج کا اعلان کر دیا

Published On 29 October,2020 10:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور کے حفیظ سینٹر میں آتشزدگی کے باعث متاثر ہونے والے تاجروں کے لئے بڑے پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یہ اعلان آج لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صنعت کاروں اور تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حفیظ سینٹر میں آتشزدگی سے متاثرہ تاجروں کو 5 ارب روپے کا ریلیف پیکیج دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آج حفیظ سینٹر میں آتشزدگی کے متاثرہ تاجروں کیلئے ریلیف پیکیج کے لئے آیا ہوں۔ آتشزدگی کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پنجاب حکومت کے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی اور میں خود امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کرتا رہا۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ حفیظ سینٹر میں ہونے والے مالی نقصان پر دلی دکھ ہوا۔ مشکل گھڑی میں ہم 207 متاثرہ دکانداروں اور دیگر افراد کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پنجاب حکومت متاثرین کے کاروبار کی بحالی کے لئے بینک آف پنجاب کے اشتراک سے انتہائی آسان شرائط پر قرض فراہم کرے گی اور اس مد میں 5 ارب روپے مختص کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی سکیم کے تحت متاثرین اپنی دکان کی مرمت کر کے قابل استعمال بنا سکتے ہیں یا نئی دکان خرید سکتے ہیں۔ حکومت اس ریلیف پیکیج کے تحت مارک اپ کی سبسڈی کی مد میں تقریبا 1.6 ارب روپے دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت بزنس کمیونٹی کے ساتھ ہے۔ انتظامیہ اور بزنس کمیونٹی کے باہمی تعلق کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مخصوص کمیٹیوں کو فعال کرنے کے لئے میں نے ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اور پولیس کے درمیان روابط کو مزید بہتر بنانے کے لئے سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی کو فعال بنایا جا رہا ہے۔ اس میں بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائیگا تاکہ تاجر برادری کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی پنجاب حکومت نے ہمیشہ تاجروں اور صنعت کاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے ہیں۔ میں خود بھی بزنس کمیونٹی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں۔ کچھ عرصہ قبل لاہور چیمبر آیا تھا اور آپ کے مسائل سنے تھے اور ان میں سے اکثر مسائل حل کئے ہیں اور آج پھر میں بزنس کمیونٹی کے ساتھ موجود ہوں۔

تاجر برادری سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں 13 سپیشل اکنامک زون بنا رہی ہے جن میں فیصل آباد اور لاہور میں 2 سپیشل اکنامک زون پر کام شروع ہو چکا ہے۔ بہت جلد بہاولپور اور مظفر گڑھ میں بھی سپیشل اکنامک زون کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ حکومت نے 30 ارب روپے سے زائد کے قرضے آسان شرائط پر دینے کے لئے پنجاب روزگار سکیم کا اجراء کیا ہے اور اس مقصد کے لئے نئے اور جاری کاروبار کے لئے قرضے دیئے جائیں گے۔
 

Advertisement