کراچی: (دنیا نیوز) مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ لوگ غیر جمہوری نظام سے تنگ آچکے ہیں، ملک میں تبدیلی کی صدا ہے، عوام بلاول کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا بلین ٹری کے درخت پتا نہیں کہاں لگائے گئے، شبلی فراز مشکل میں ہیں، انہیں اپنی نوکری سے وفا کرنی ہے، پی ٹی آئی کا کوئی چیمپئن ثابت کر دے خیبرپختونخوا نے گندم ہدف پورا کیا، گندم کی سب سے زیادہ سپلائی پنجاب سے ہوتی ہے، گندم کا مصنوعی بحران کس وجہ سے پیدا ہوا۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا پی ڈی ایم جلسوں میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، عمران خان خود کو جمہوریت کہتے ہیں، ہم پر الزامات تو لگا دیتے ہیں، اپنی کارکردگی کا بھی جائزہ لیں۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے اپنے بیان میں کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابی نتائج عمران خان کی رخصت کا نکتہ آغاز ہونگے، پہلے پی ٹی آئی کو گلگت بلتستان سے اور پھر ملک سے فارغ کریں گے، مہنگائی کے مارے عوام حکمرانوں سے نجات کیلئے دعائیں مانگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ادویات اور آٹا چینی مہنگی کر کے براہ راست غریب کے پیٹ پر لات ماری گئی، پی ٹی آئی کو لانے والے اور ووٹ دینے والے بری طرح پچھتا رہے ہیں، عوام جھوٹے اور جعلی حکمرانوں کی چھٹی کرانے کیلئے پی ڈی ایم کے ساتھ کھڑے ہیں۔