کرائے کے ترجمانوں میں زیادہ سے زیادہ جھوٹ بولنے کی ریس لگی ہے: مریم اورنگزیب

Published On 06 November,2020 11:45 am

لاہور: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کرائے کے ترجمانوں میں زیادہ سے زیادہ جھوٹ بولنے کی ریس لگی ہے، آٹا، چینی اور ووٹ چور کی فاشسٹ سوچ کا عملی مظاہرہ پورا پاکستان دیکھ رہا ہے، حق مانگنے والوں پر ڈنڈے برسانے والوں کا یوم حساب آ چکا ہے۔

ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج پنجاب کو ترقی دینے والا عوام کا خادم شہباز شریف پابند سلاسل ہے، جو کسان پیکج دے اُس کو سزا اور جو کسان کی جان لے اُس ووٹ چور کو انعام، آٹا، چینی چوروں نے شہباز شریف کو جیل میں بند کر کے پنجاب کی ترقی اور خوشحالی چھین لی ہے، شہباز شریف کو ناحق گرفتار کر کے ووٹ چور سلیکٹڈ عوام کا آٹا، چینی، بجلی، گیس اور ترقی چوری کر رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، پھر کس وجہ سے شہباز شریف کو گرفتار کیا ہوا ہے ؟ ہر روز اس حکومت کی آٹا، چینی، دوائی، بجلی، گیس چوری پکڑی جا رہی ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں، سلیکٹڈ وزیراعظم اور کرائے کے ترجمانوں میں جھوٹ کا مقابلہ جاری ہے، عوام کے سوالات کا جواب دینا ہوگا، ان کی محرومیوں اور مصیبتوں کا حساب دینا ہوگا، عمران صاحب آپ سیاسی مخالفین کو نہ چھوڑیں لیکن اپوزیشن عوام کی جان آپ سے چھڑوا کے رہیں گے۔