لاہور: (دنیا نیوز) منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز خاندان کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دینے کے لیے اشتہار چسپاں کر دئیے گئے۔
منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف کی اہلیہ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ نیب کے تفتیشی افسر نے احتساب عدالت کے باہر نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دینے کا اشتہار چسپاں کیا، یہ اشتہار نصرت شہباز کی رہائش گاہ اور عوامی مقامات پر بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نصرت شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے لیکن وہ گرفتار نہ ہو سکیں۔ عدالت میں عدم پیشی کے باعث نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔ منی لانڈرنگ ریفرنس پر آئندہ سماعت 11 نومبر کو ہوگی۔