لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں پولیس نے کسانوں کے دھرنے پر دوسری بار کریک ڈاؤن کیا، آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن کا استعمال بھی کیا گیا، مظاہرے میں شامل متعدد کسانوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
ملتان روڈ ٹھوکر نیاز بیگ پر کسانوں نے دوبارہ احتجاج کیا، مظاہرین نے لاہور کے داخلی اور خارجی راستے کو ٹریفک کے لئے مکمل بند کیے رکھا، ٹریفک موٹروے پر بھی نہ جا سکی، کسانوں نے ایک آئل ٹینکر پر بھی قبضہ جمائے رکھا۔
کسانوں کے مقابل پولیس کی اینٹی رائٹ فورس کے دستوں نے پوزیشن سنبھالے رکھی، تقریباً دو گھنٹے کے دھرنے کے بعد پولیس نے ایکشن لیا، واٹر کینن کا استعمال کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی، مظاہرین نے جوابی پتھراؤ کیا مگر پولیس نے چڑھائی جاری رکھی۔
ٹھوکرنیاز بیگ کا علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا، پولیس نے متعدد کسانوں کو گرفتار کر لیا، مظاہرین کو منتشر کر کے ملتان روڈ پر ٹریفک بحال کر دی گئی۔ پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی چیئرمین چودھری انور نے اعلان کیا کہ فی الحال منتشر ہو رہے ہیں، اب پنجاب اسمبلی کے سامنے میدان لگائیں گے۔
ٹیوب ویل کے لیے سستی بجلی، کھاد کی قیمتوں میں کمی اور گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ پاکستان کسان اتحاد کے مطالبات میں شامل ہیں، پولیس نے گزشتہ رات بھی آپریشن کر کے بیسیوں کسانوں کو حراست میں لیا تھا۔