کورونا کیسز میں اضافہ: پنجاب حکومت کا متعدد مقامات پر مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون

Published On 02 November,2020 12:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافے کے بعد متعدد مقامات پر مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون کر دیا۔ سیل ہونے والے مقامات کے مکین 14 دن گھروں میں آئسولیٹ ہونگے۔

پنجاب حکومت نے صوبہ کے 830 مقامات کو سیل کیا، ان مقامات میں ایک ہزار 416 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے جبکہ 3 ہزار 332 افراد رہائش پذیر ہیں۔ سب سے زیادہ لاہور کے 435 مقامات سیل کئے گئے۔ بہاولپور 37، بھکر 35، چینوٹ کے 7مقام مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون کے تحت سیل کئے گئے۔

ڈیرہ غازی خان کے 17، فیصل آباد میں 34 اور گوجرانوالہ میں 14 مقام کو سیل کیا گیا جبکہ گجرات کے 29، جہلم میں 8، قصور میں 3 مقامات میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون نافذ کیا گیا جبکہ ملتان کے 44، راولپنڈی کے 47، ساہیوال کے 16، سرگودھا کے 24 مقامات کو سیل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے مزید 12 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 835 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 35 ہزار 93 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 123 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 4 ہزار 554، سندھ میں ایک لاکھ 46 ہزار 331، خیبر پختونخوا میں 39 ہزار 649، بلوچستان میں 15 ہزار 954، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 279، اسلام آباد میں 20 ہزار 89 جبکہ آزاد کشمیر میں 4 ہزار 237 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 44 لاکھ 86 ہزار 843 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 27 ہزار 953 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 15 ہزار 16 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 707 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 12 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 835 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 365، سندھ میں 2 ہزار 631، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 279، اسلام آباد میں 222، بلوچستان میں 151، گلگت بلتستان میں 92 اور آزاد کشمیر میں 95 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement