سینئر لیگی رہنما مصدق ملک اور وفاقی وزیر علی زیدی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

Published On 31 October,2020 09:05 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر آنے کے بعد سیاستدان ایک مرتبہ پھر وباء کے نشانہ پر آ گئے، مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سینیٹر مصدق ملک اور وفاقی وزیر علی حیدر زیدی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے بیان میں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما مصدق ملک نے لکھا کہ بدقسمتی سے میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے،خود کو آئسولیٹ کررہا ہوں، برائے مہربانی مجھے اپنی دعاوں میں یاد رکھیں۔

اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ مجھے افسوس ہے کہ میں خاندان کے سب سے اہم ایونٹ کو مس کروں گا۔ یہ میرا نقصان ہے۔

دوسری طرف وفاقی وزیر علی حیدر زیدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے، میں نے خود کو قرنطینہ کرتے ہوئے خود کو الگ کر لیا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ قوم کا پیسہ لوٹنے والوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے بے نقاب کرتا رہوں گا، اللہ ان سب کو طاقت دے جو انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 دوسری طرف کورونا وائرس سے مزید 11 افراد جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 806 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 32 ہزار 993 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 807 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 4 ہزار 16، سندھ میں ایک لاکھ 45 ہزار 475، خیبر پختونخوا میں 39 ہزار 458، بلوچستان میں 15 ہزار 896، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 248، اسلام آباد میں 19 ہزار 818 جبکہ آزاد کشمیر میں 4 ہزار 82 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 44 لاکھ 31 ہزار 225 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21 ہزار 688 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 14 ہزار 66 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 669 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 11 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 806 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 357، سندھ میں 2 ہزار 625، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 276، اسلام آباد میں 217، بلوچستان میں 149، گلگت بلتستان میں 92 اور آزاد کشمیر میں 90 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement