لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن نے گرفتاریوں، کسان رہنما کے قتل کے خلاف نعرہ بازی کی۔ بنچوں کو چھوڑ کر علامتی دھرنا دے دیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کو ایوان چلانا مشکل ہو گیا۔
تفصیل کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ کے زیر صدارت پنجاب اسمبلی اجلاس اپوزیشن اراکین کے شور میں ڈوب گیا۔ پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے اور گرفتاریوں کے خلاف اپوزیشن نے ایوان میں علامتی دھرنا دیا، پلے کارڈ اٹھا کر سپیکر ڈائس کے سامنے شدید شور شرابا کیا گیا۔
دوسری جانب ایوان سے باہر بھی حکومتی اور اپوزیشن اراکین ایک دوسرے پر تنقید کرتے رہے۔ وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج کا دن پنجاب اسمبلی کی تاریخ کا اہم دن تھا۔ ایوان میں تمام جمہوری اقدار کو پامال کیا گیا ہے۔ ہماری حکومت کسان دوست حکومت ہے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) عظمیٰ بخاری نے ردعمل میں کہا کہ ہم تو احتجاج کا اپنا حق استعمال کر رہے ہیں۔ آپ جو کچھ ہمارے ساتھ کریں گے، اس کا جواب دینا ہوگا۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے ساتھ جیل میں برا سلوک کیا جا رہا ہے۔