لاہور: (دنیا نیوز) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پوری دنیا نے دیکھا کہ پاکستان نے سب سے زیادہ کورونا ایس اوپیز پر عمل کیا حالانکہ کہا گیا تھا کہ پاکستانی عوام کورونا ایس او پیز پر عمل نہیں کریں گے۔
جوہرٹاون میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ڈیزائننگ کی تقریب سے خطاب میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ فیشن ڈیزائن اور آرکیٹکچر مجھےآج بھی پسند ہے، 1970 میں ماسٹر کرنے کیلئے مشی گن گیا تھا، 1970 میں سوٹ کیس کا بنایا گیا اشتہار مجھے 50 سال بعد بھی یاد ہے، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن ڈیزائن، ڈیزائننگ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
عارف علوی نے کہا کہ یورپ میں ہر چیز کا معیار ہے، ہم نے آم کی ایکسپورٹ بڑھانے کا فیصلہ کیا، آم برآمد کرنے والے افراد سے بات کی تو ان کے مسائل کاپتہ چلا، بتایا گیا جو آم برآمد کرنے ہیں ان کا سائز، رنگ ایک جیسا ہونا چاہیے، ایکسپورٹرز نے بتایا بیرون ملک بھیجے جانےوالے آم کا معیار بلند کرنا پڑے گا، دوسرے ممالک میں وہ آم پسند کیے جاتے ہیں جو زیادہ میٹھے نہ ہوں۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرامد میں پاکستانی قوم نے عمل کر کے دکھایا، کہا گیا تھا پاکستانی عوام کورونا ایس او پیز پر عمل نہیں کریں گے مگر پوری دنیا نے دیکھا پاکستان نے سب سے زیادہ ایس اوپیز پر عمل کیا، دنیا میں ماسک نہ پہننے پر ہزاروں کے جرمانے کیے گئے، پاکستان میں بغیر جرمانوں کے ہی لوگوں نے ماسک پہنے۔
انہون نے کہا کہ پاکستانی امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی قوم ہے، لاہور میں بہت سےمخیرحضرات اپنی جیب سےفلاحی کام کر رہے ہیں۔