صدر کا عالمی برادری پر مسلمانوں پر ڈھائے جانیوالے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے پر زور

Published On 13 October,2020 06:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ بھارت کی طرف سے مسلمانوں اور دوسری اقلیتوں کے خلاف مظالم کا نوٹس لے۔

وہ برازیل، ڈنمارک، سویڈن، یونان، ہنگری اور یوکرین کے پاکستان میں نامزد سفیروں سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے ان سے منگل کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ صدر نے بھارت کی طرف سے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بھی بے نقاب کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن واستحکام کے فروغ کے لئے کوششیں کر رہا ہے۔ اس سے قبل نامزد سفیروں نے صدر کو اپنی اسناد پیش کیں۔

اس سے قبل صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قوم ملک کو غیر مستحکم کرنے کے لئے مذہبی انتشار کے ذریعے غیر روایتی جنگ جیسے نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اتحاد کا مظاہرہ کرے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا کہ بھارت جس کی پاکستان کیخلاف سازشوں اور اس کی معاشی کامیابیوں کو خراب کرنے کی ایک تاریخ ہے اور مذہبی انتشار پیدا کرنے سمیت مختلف ہتھکنڈوں سے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

صدر نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی قوتوں کو حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک کی خاطر متحد ہو جانا چاہیے اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی بجائے ان کا ساتھ دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں کلبھوشن یادیو جیسے جاسوسوں کے ذریعے مسائل پیدا کرنے کے ساتھ کراچی میں بھی بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت افغانستان میں بگاڑ پیدا کرنے کا کردار ادا کر رہا ہے اور اس کے چین، سری لنکا، بنگلا دیش اور نیپال جیسے اپنے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ بھی مسائل ہیں۔

انہوں نے فارن پالیسی میگزین میں شائع ہونے والی ایک حالیہ رپورٹ کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی دنیاکے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔
 

Advertisement