اسلام آباد: (دنیا نیوز) پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے آموں کا تحفہ بھجوانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ایوان صدر کے میڈیا آفس کے مطابق شہزادہ چارلس نے صدر مملکت کے نام اپنے خط میں کہا کہ پاکستان کے بہترین آموں کا تحفہ وصول کرکے خوشگوار حیرت ہوئی۔
انہوں نے لکھا کہ آموں کا تحفہ بھجوانے پر ہم آپ کے شکر گزار ہیں۔ شہزادہ چارلس نے کہا کہ پاکستانی آم بے حد لذیذ ہیں، میں اور میری بیوی آموں کے اس شاندار تحفے کے معترف ہیں۔
واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مینگو ڈپلومیسی کے تحت مختلف ممالک کے سربراہان کو آم تحفے میں بھجوائے تھے۔