اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر ڈاکٹرعارف علوی کا کہنا ہے کہ کورونا کی وبا میں اپنے شہریوں کوامداد ومعاونت کی فراہمی کے حوالہ سے پاکستان نے دنیا میں مثال قائم کی ہے، حکومت نے وبا کے دوران ملک کی آدھی آبادی کو امداد فراہم کی، پاکستان اس وقت ترقی کرے گا جب حکومت اورریاست کا عام آدمی کا ساتھ تعلق ہو، پاکستان اپنی اقلیتوں کے ساتھ مثالی سلوک کر رہا ہے۔
میرپورخاص میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی تقسیم کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہاکہ حکومت میں یہ سوچ ہے کہ جب کوئی مشکل آتی ہیں تواس صورت میں مدد فراہم کی جائے،حکومتیں محلوں کے اندرنہیں ہوتیں، حکومتیں عوام کی بات کرتی ہیں، عوام کے ساتھ ساتھ ہوتی ہیں اور عوام کی مشکلات کا حل نکالتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی وبا میں دنیا میں پاکستان نے مثال قایم کی،پاکستان کی حکومت نے ایک کروڑ69 لاکھ خاندانوں کو12،12 ہزار روپے کی نقدامداد فراہم کی کیونکہ عوام مشکل میں تھے، ہمارے لوگ بے روزگارہوگئے تھے، ایسے میں لوگوں کوغلہ اورخوراک پہنچانا ضروری تھا اگرایسا نہ کیا جاتا تولوگ بھوک کاسامناکرتے، اس لئے ہندوستان اوردیگرممالک کی طرح پاکستان میں مکمل لاک ڈائون نہیں کیاگیا،ان ممالک میں عوام اورحکومت کے درمیان رابطہ بندہوا،بھارت میں فیکٹریاں بند کرنے سے لوگوں کو 1500 کلومیٹردورتک پیدل جانا پڑا۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایساملک ہے جہاں وزیراعظم نے کہاکہ فیکٹریاں بند نہیں ہوںگی اورلوگوں کو گھروں میں امدادپہنچائی جائیگی، حکومت نے وبا کے دوران ملک کی آدھی آبادی کو امداد فراہم کی، دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوا، یہ پاکستان میں ہواہے، دنیا میں کورونا وائرس پھیل رہاہے، ہندوستان میں آج روزانہ لاکھوں لوگ اس سے متاثرہورہے ہیں۔ پاکستان میں 200 سے لیکر300 تک نئے مریض ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے اس وبا پرقابوپایاگیا، ہماری مساجد کھلی رہیں اورلوگوں کا اپنے رب سے رابطہ جڑا رہا ،دنیامیں لوگ کہہ رہے ہیں کہ پاکستان سے سیکھو۔ ہماری خوش نصیبی ہے کہ عوام نے ہمت دکھائی اورنماز اورکام جاری رکھا، اللہ نے مدد کی اوربیماری پاکستان سے تقریباً ختم ہوگئی ہے لیکن احتیاط ابھی بھی ضروری ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ماسک کا استعمال جاری رکھنا چاہئے اورحکومت جو بھی ہدایات جاری کرے اس پرعمل کیا جائے کیونکہ وبا واپس آکرنقصان بھی پہنچا سکتی ہیں۔ اللہ نے ہماری اسلئے مدد کی کیونکہ حکومت نے عوام کاخیال رکھا، پاکستان اس وقت ترقی کرے گا جب حکومت اورریاست کا عام آدمی کا ساتھ تعلق ہوں۔
صدرمملکت نے کہاکہ کورونا کی وبا سے دنیابھرکی معیشتوں کونقصان پہنچا ہے، پاکستان کو بھی اس سے نقصان ہواہے لیکن وہ اتنا زیادہ نہیں تھا، پاکستان بحالی اوربہتری کی طرف جارہاہے کیونکہ ملک کو تعمیراورمضبوط کرنے والے ہاتھ ہمارے مزدوروں اورکسانوں کے ہیں، ان ہاتھوں اورحکومت کے درمیان تعلق کواگرہم نے مضبوط رکھا توانشاء اللہ پاکستان ترقی کرتا جائیگا۔
صدرنے کہاکہ بارشوں اورسیلاب سے کراچی میں نقصان ہواہے اوراس کا چرچا بھی رہا لیکن اندرون سندھ میں بھی نقصان ہواہے ہمیں اس کی فکرکرنا ہوگی،وزیراعظم اوروزیراعلیٰ سے میری گزارش ہے کہ وہ اس ضمن میں اپناکرداراداکرے۔
انہوں نے کہاکہ کل قوم نے سندھ کے ایک بڑے لیڈر اوربابائے قوم کا یوم وفات منایا ہے، قائد اعظم سندھ مدرستہ السلام میں پڑھے ہیں۔قائداعظم نے اس خطہ میں مسلمانوں کیلئے علیحدہ مملکت قائم کی، جولوگ کہہ رہے ہیں کہ دوقومی نظریہ درست نہیں وہ دیکھ لیں کہ ہندوستان میں اقلیتوں سے کیسا سلوک کیا جارہاہے۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی اقلیتوں کے ساتھ اس طرح کاسلوک نہیں کرے گا، عمران خان نے کہاہے کہ ہم دنیاکوبتائیں گے کہ پاکستان اپنی اقلیتوں کے ساتھ مثالی سلوک کررہاہے۔صدرنے امدادی سرگرمیوں میں شیخ خلیفہ بن زیدٹرسٹ ، یواے ای کی حکومت اوردیگراداروں کاشکریہ اداکیا۔