اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات ہوئی جس میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اتوار کو ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جس نے ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز پر قابو پایا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مسلح افواج نے ہمیشہ مثالی حوصلے اور پیشہ واریت کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنائے ہیں۔
صدر مملکت نے ستمبر 1965ء کی جنگ میں دفاع وطن کے لئے جانیں قربان کرنے والے بہادر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔