راولپنڈی: (دنیا نیوز) قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لیے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے فیڈریشن کے لیے 5 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے آرمی چیف کو ملک میں ہاکی کے معیار کی بحالی کے حوالہ سے اقدامات سے آگاہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ فوج نے ہمیشہ کھیلوں بالخصوص ہاکی کے فروغ میں تعاون کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ہاکی کی بحالی میں گہری دلچسپی لے رہی ہے اور اس موقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیے۔ آرمی چیف نے آرمی ویلفیئر فنڈ سے 5 کروڑ روپے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو دینے کا وعدہ کیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر نے معیار میں بہتری کیلئے کوششوں میں اضافہ کے عزم اور ہاکی کی مسلسل حمایت پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ پاک فوج نے راولپنڈی اور اوکاڑہ میں 2 آسٹرو ٹرف سٹیڈیم بھی بنائے ہیں۔