راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دشمن کے عزائم ناکام بنانے کیلئے ہمیں پرعزم اور چوکنا رہنا ہوگا۔ دشمن قوتیں آپریشن ردالفساد سے حاصل فوائد ضائع کرنا چاہتی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان اور میرانشاہ کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے ان کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو پاک افغان سرحد پر ہونے والی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ایسے علاقوں میں جہاں دہشتگرد پناہ لیتے تھے، وہاں آپریشن کیے جا رہے ہیں۔ دہشتگرد ان علاقوں سے نکل کر آبادیوں اور سیکیورٹی فورسز پر حملہ کرتے تھے۔
#COAS visited troops busy in consolidation operations along Pak- Afghan Border in Dawatoi sector, North Waziristan. Recent consolidation operations along Pak-Afghan Border ensured effective area domination of some inaccessible pockets of land which were being sporadically (1/6) pic.twitter.com/4J6y1DE9An
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) August 24, 2020
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان علاقوں میں 90 فیصد سے زائد بارودی سرنگیں تلف کر دی گئی ہیں۔ ان سرحدی علاقوں میں باڑ لگانے کا عمل جلد شروع ہو جائے گا جبکہ شمالی وزیرستان میں پاک افغان انٹرنیشنل بارڈر کے دشوار گزار علاقوں میں بھی فورسز کا کنٹرول ہو گیا ہے۔
اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دشمن قوتیں آپریشن ردالفساد سے حاصل فوائد ضائع کرنا چاہتی ہیں، دشمن کے عزائم ناکام بنانے کیلئے ہمیں پرعزم اور چوکس رہنا ہوگا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جدوجہد کے بعد علاقے کے حالات معمول پر لائے گئے۔ خطے میں امن بڑی حد تک بحال ہو چکا ہے۔ ہم امن اور استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔ امن واستحکام کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔