کراچی: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت پورے سندھ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ وفاقی حکومت کا سندھ حکومت کے ساتھ ملکر کراچی کے اہم مسائل حل کرنے کا فیصلہ ایک مثبت پیشرفت ہے ۔
صدر نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان اس تباہ کن بحران کے دوران تعاون کے خاطرخواہ نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ یہ تعاون مستقبل میں سیلاب کی صورتحال پرقابوپانے ، نکاسی آب ، کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے ، تازہ پانی کی فراہمی اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل کیلئے بھی معاون ثابت ہوگا ۔