کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں بارشوں سے تباہی، بیشتر علاقوں سے پانی نہ نکالا جا سکا، بھٹائی آباد اور گرے ریور سائیڈ اپارٹمنٹ ڈوب گئے، لائنز ایریا کا بھی برا حال ہے، گھروں میں کئی کئی فٹ پانی تاحال موجود ہے، گھریلو سامان بھی برباد ہوگیا۔
حالیہ بارشوں کے بعد کراچی کا ایسا حال ہوا کہ کئی علاقے تاحال ڈوبے ہوئے ہیں، کورنگی کراسنگ کے علاقے ڈوبے ہوئے ہیں۔ ایک باپ بیٹی کا جہیز برباد ہونے پر رو پڑا، بے بس مکین خود بالٹیاں بھر بھر کے پھینک رہے ہیں مگر گھر سے پانی کم نہیں ہو رہا۔
حکمرانوں کی غفلت کے باعث کراچی والوں کی بارش کے بعد بھی مشکلات کم نہ ہوئیں۔ کورنگی کراسنگ اور گرے ریور سائیڈ اپارٹمنٹس کے علاقوں میں دو روز بعد بھی صورتحال جوں کی توں ہے۔ علاقے میں تاحال حکومتی اقدامات نہ ہو سکے، علاقہ پانی میں ڈوب گیا، گھروں میں بھی کئی کئی فٹ پانی داخل ہوگیا، علاقہ مکین سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔
کراچی کے علاقے لائینز ایریا کی صورتحال بھی اچھی نہیں، برساتی اور گٹڑ کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، شہری گندگی اور تعفن زدہ ماحول میں گھر گئے۔ سرجانی ٹاون کے یوسف گوٹھ، عبدالرحیم گوٹھ جبکہ سچل گوٹھ کا بھی بارش کے بعد برا حال ہے۔