لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کراچی اور سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہہونے والے جانی اور مالی نقصانات پر بے حد افسوس ہے۔ اس مشکل صورتحال کا صبر واستقامت، بہادری اور بہترین انتظامی صلاحیتوں سے مقابلہ کرنا ہے۔
صدر (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ مشکل کی گھڑی میں قوم کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ پارٹی رہنما اور منتخب نمائندے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر متاثرہ عوام کی مدد کریں۔
انہوں نے اپیل کی کہ وفاقی حکومت عوام کے ریسکیو اور ریلیف میں صوبوں کی بھرپور معاونت یقینی بنائے۔ وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور اشتراک عمل سے اقدامات کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مخیر حضرات اور درد دل رکھنے والے صاحب ثروت اپنے اپنے علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو میں دل کھول کر تعاون کریں۔ مصیبت کی اس گھڑی میں قومی اتحاد، ایثار اور قربانی کے جذبے سے کام لینا ہوگا۔