کراچی کے لیے جامع پلان کی تیاریاں، وزیراعظم کے زیر صدارت بڑی بیٹھک

Published On 28 August,2020 05:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کی مشکلات کا ادراک ہے، اس مسئلے پر سٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے، حل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

تفصیل کے مطابق کراچی اور سندھ میں وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیراعظم عمران خان نے کی۔

اجلاس میں وفاقی وزرا اسد عمر، مراد سعید، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ گورنر سندھ نے اجلاس کو کراچی کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ اور کراچی کے عوام کی ترقیاتی ضروریات اور درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے۔ وفاقی حکومت اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے گی۔


ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں سیوریج، نکاسی آب اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے جامع پلان تشکیل دیا جا رہا ہے۔ جامع پلان کی تیاری میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وفاقی اداروں کو ہدایات دے دی گئی ہیں۔ ‏گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سے کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ انھیں وفاق اور اس کے اداروں کی جانب سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کراچی پاکستان کا اہم ترین شہر ہے۔ اس وقت درپیش ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروکار لائے جائیں گے۔