اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مسلم لیگ (ن) کے قائد کے حالیہ بیانات پر انھیں سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف بیرون ملک بیٹھ کر ریاستی اداروں کو بدنام کر رہے ہیں۔
انہوں نے ملک میں مہنگائی پر قابو پانے کیلئے حکومتی کوششوں پر اطمینان ظاہر کیا ہے۔ سرکاری میڈیا ریڈیو پاکستان کی ویب سائٹ پر شائع ایک خبر کے مطابق جمعہ کے روز ایک نجی ٹی وی چینل کے ساتھ انٹرویو میں صدر مملکت نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی غرض سے ٹھوس کوششیں کر رہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے ریاستی ادارے مل کر کام کر رہے ہیں اور بدعنوان عناصر کا احتساب بلا امتیاز ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف بیرون ملک بیٹھ کر ریاستی اداروں کو بدنام کر رہے ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں ذرائع ابلاغ آزاد ہیں اور ان پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
ملک میں کورونا وائرس کی وباء کے بارے میں انہوں نے اس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر پرعملدرآمد جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔