مانسہرہ: ضلعی انتظامیہ نے (ن) لیگ کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا

Published On 17 November,2020 05:29 pm

مانسہرہ: (دنیا نیوز) انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا صورتحال کے پیش نظر مسلم لیگ (ن) کو جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ کورونا کی دوسری لہر زیادہ خطرناک ہے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کل مانسہرہ میں جلسہ کر رہی ہے۔ اس جلسے سے مریم نواز شریف اور دیگر قائدین کا خطاب شیڈول ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر گزشتہ روز ہی جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔

گزشتہ روز پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر اطلاعات کامران بنگشن کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر شروع ہو چکی ہے۔ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں شرح اموات دو تھی جو اب بڑھ کر 25 تک پہنچ چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ این سی سی اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے تحت خیبر پختونخوا حکومت نے اکیس نومبر کا جلسہ ملتوی کر دیا ہے۔ اپوزیشن نے بھی درخواست ہے کہ وہ بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

پی ڈی ایم کے ترجمان میاں افتخار حسین نے حکومتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا کے نام پر حکومت مخالف تحریک نہیں روک سکتے۔ اپوزیشن کے جلسے جاری رہیں گے، کوئی بھی مذاکرات صرف پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہوں گے۔

ادھر ترجمان مسلم لیگ )ن( خیبر پختونخوا اختیار ولی خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کل مانسہرہ سٹی میں جلسہ ہر صورت ہوگا۔ ہم جلسے کی منسوخی کے احکامات نہیں مانتے۔ سول بیوروکریسی عمران خان کی منشی نہ بنے۔ وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور وزرا درجنوں جلسے کر کے آئے ہیں۔ ہماری تیاری مکمل ہے، جلسے کو منسوخ نہیں کر سکتے۔
 

Advertisement