اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزرا نے حکومت کے اقدامات کو صنعت کی بحالی میں اہم قرار دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ مزدور اور غریب عمران خان کے دل کے بہت قریب ہیں، حکومت کی کامیاب پالیسیوں سے ایکسپورٹ بڑھ رہی ہیں، ہزاروں مزدور پھر سے برسر روزگار ہوگئے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے الیکشن سے پہلے فیصل آباد میں ٹیکسٹائل پالیسی کا اعلان کیا، جہاں مزدور بیروزگار ہو رہے تھے، آج وہاں ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے، ہزاروں مزدوروں کو روزگار مل رہا ہے۔
شہباز گل کا کہنا ہے کہنا ہے کہ نا اہل لیگ کے دور میں مزدور بے روزگار ہوگئے، فیصل آباد اجڑ گیا، پاور لومز 40 روپے کلو کباڑ میں بک رہی تھیں، آج عمران خان کی پالیسی سے 30 ہزار نئی لومز لگ رہی ہیں، مزدور اور غریب عمران خان کے دل کے بہت قریب ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پچھلی حکومت میں فیصل آباد کے برآمدات سے وابستہ کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے تھے، تحریک انصاف کی کامیاب پالیسیوں سے آج ٹیکسٹائل انڈسٹری سمیت سارا ایکسپورٹ سیکٹر دوبارہ پاؤں پر کھڑا ہوچکا ہے۔