پشاور: (دنیا نیوز) وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ کورونا سے زیادہ متاثرہ ضلع مانسہرہ میں نون لیگ کا جلسہ افسوسناک ہے، رک جائیں اور لیڈر شپ کا مظاہرہ کریں، انسانی جانوں اور معیشت کو خطرے میں نہ ڈالیں۔
تیمور سلیم جھگڑا نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کورونا کی دوسری لہر تشویشناک ہے، مانسہرہ میں کورونا کیسز کی تعداد 14 سو سے تجاوز کرچکی ہے، وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 57 کیسز سامنے آئے، سیاسی مخالف لیڈرشپ کا مظاہرہ کریں، جلسے کر کے لوگوں کی زندگی خطرے میں نہ ڈالی جائے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 37 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 230 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 63 ہزار 380 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 208 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 11 ہزار 626، سندھ میں ایک لاکھ 57 ہزار 432، خیبر پختونخوا میں 42 ہزار 815، بلوچستان میں 16 ہزار 529، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 467، اسلام آباد میں 24 ہزار 871 جبکہ آزاد کشمیر میں 5 ہزار 640 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 50 لاکھ 18 ہزار 483 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 38 ہزار 544 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 25 ہزار 788 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 551 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 37 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 230 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 509، سندھ میں 2 ہزار 760، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 318، اسلام آباد میں 263، بلوچستان میں 156، گلگت بلتستان میں 93 اور آزاد کشمیر میں 131 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔