پی ڈی ایم جلسے کے بعد بلوچستان میں کورونا کیسز میں 3 گنا اضافہ ہوا: لیاقت شاہوانی

Published On 17 November,2020 03:20 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جلسے کے بعد بلوچستان میں کورونا کیسز میں 3 گنا اضافہ ہوا، سیاست کی بجائے ہمارے لئے عوام کا تحفظ زیادہ اہم ہے۔

ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا گزشتہ روز این سی او سی کے اجلاس میں کورونا وائرس کی دوسری لہر سے متعلق تبادلہ خیال ہوا، پہلے دو ہفتوں میں 5 کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے اور ان کی اموات ہوئی، وزیراعظم نے عوامی اجتماعات پر پابندی کے ساتھ ساتھ میریج ہال میں 300 سے زائد افراد کی شرکت پر پابندی عائد کرنے کی تجویز دی، حکومت بلوچستان ان تمام معاملات کا بغور جائزہ لے رہی ہے۔

لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا پی ڈی ایم کے جلسے سے قبل دو اشاریہ ایک فیصد کی شرح سے کوروناوائرس کے کیسز بڑھ رہے تھے، اب یہ شرح چھ اشاریہ دو فیصد تک جاپہنچی ہے، پی ڈی ایم کے جلسے کے بعد کورونا وائرس کے کیسز میں 3 گناہ اضافہ ہوا ہے، حکومت بلوچستان کی ترجیح یہ ہے کہ تعلیمی ادارے بند نہ ہوں، 23 نومبر کی میٹنگ میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا، ایک ہفتے کے دوران کورونا وائرس کے 23 کیسز ہسپتال میں آئے، اس صورتحال میں بہت سے ممالک کرفیو کی طرف جا رہے ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔