کوئٹہ: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند کا کہنا ہے کہ موسم کے پیش نظر صوبے کے سرد علاقوں میں تعلیمی ادارے یکم دسمبر سے بند کرنے سمیت دیگر تجاویز زیر غور ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر تعلیم کی زیر صدارت وزراء تعلیم بین الصوبائی اجلاس میں صوبے کے تعلیمی اداروں سے متعلق انہیں آگاہ کیا، صوبے کے سرد علاقوں میں تعلیمی اداروں میں یکم دسمبر سے موسم سرما کی تعطیلات کی تجویز دی ہے، رواں سال موسم سرما کی چھٹیاں 3 ماہ تک کرنے، ماضی کے نسبت رواں سال موسم سرما کی چھٹیوں میں 15 دن کا اضافہ کرنے کا بھی فیصلہ زیر غور ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو شارٹ کورس مکمل کر کے طلباء و طالبات کے امتحانات یکم دسمبر سے قبل مکمل کرانے کی ہدایات بھی دی جائیں گے۔ صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق ان تجاویز پر حتمی فیصلہ 23 نومبر کو ہونے والے بین الصوبائی وزراء تعلیم کے اجلاس میں کیا جائے گا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 33 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 193 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 61 ہزار 82 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 50 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 11 ہزار 47، سندھ میں ایک لاکھ 56 ہزار 528، خیبر پختونخوا میں 42 ہزار 615، بلوچستان میں 16 ہزار 449، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 461، اسلام آباد میں 24 ہزار 444 جبکہ آزاد کشمیر میں 5 ہزار 538 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 49 لاکھ 79 ہزار 939 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 378 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 24 ہزار 834 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 447 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 33 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 193 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 492، سندھ میں 2 ہزار 751، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 315، اسلام آباد میں 260، بلوچستان میں 156، گلگت بلتستان میں 93 اور آزاد کشمیر میں 126 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔