وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا، خود کو قرنطینہ کرلیا

Published On 16 November,2020 10:34 am

کراچی: (دنیا نیوز) صوبہ سندھ میں بھی کورونا وبا کی دوسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے، کیسز میں یومیہ بنیادوں پر اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ سندھ کے وزیراعلی مراد علی شاہ کا کوویڈ 19 ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔ انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔

 ترجمان وزیراعلی سندھ نے بھی خبر کی تصدیق کر دی۔ مرادعلی شاہ کے مطابق انہیں جمعے کو ہلکا بخار محسوس ہوا تھا، نماز جمعہ کے بعد وزیراعلی سندھ نے کورونا ٹیسٹ کرایا تھا جو مثبت آگیا۔ وزیراعلی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کی ہدایت پر خود کو قرنطینہ کرلیا، ہلکا بخار ہے تاہم طبیعت کافی بہتر ہے۔ وزیراعلی سندھ اپنے ہر بیان میں شہریوں سے بھی احتیاط کی اپیل کرتے رہے ہیں۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 19 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 160 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 59 ہزار 32 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 128 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 10 ہزار 450، سندھ میں ایک لاکھ 55 ہزار 680، خیبر پختونخوا میں 42 ہزار 370، بلوچستان میں 16 ہزار 407، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 452، اسلام آباد میں 24 ہزار 218 جبکہ آزاد کشمیر میں 5 ہزار 455 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 49 لاکھ 50 ہزار 561 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 511 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 23 ہزار 824 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 379 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 19 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 160 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 475، سندھ میں 2 ہزار 747، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 311، اسلام آباد میں 257، بلوچستان میں 156، گلگت بلتستان میں 93 اور آزاد کشمیر میں 121 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement