اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اس وقت حکومت کی تمام تر توجہ معاشی بہتری پر مرکوز ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے کفالت پروگرام سے سہولت حاصل کرنے والوں کی تعداد چھیالیس لاکھ سے بڑھا کر ستر لاکھ کرنے کی منظوری دے دی۔ فیصلہ وزیر اعظم کی زیر صدارت احساس کفالت پروگرام کی تیاری کے حوالے سے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ (بذریعہ ویڈیو لنک), معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور سینئر افسران نے شرکت کی۔
معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اجلاس کو بتایا کہ دنیا بھر میں کورونا وباء کی وجہ سے معاشرے کے کمزور طبقات کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ دنیا بھر کے ممالک نے وباء کی پیش نظر عوامی فلاح کے لیے معاشی پیکیج دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انشاء اللہ مہنگائی کو بھی قابومیں لائیں گے: وزیراعظم کا عزم
اجلاس کو بتایا گیاکہ پاکستان کا شمار ان کامیاب ممالک میں ہوتا ہے جس نے کورونا وباء کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔ حکومت پاکستان نے فلاح عامہ کے لیے کورونا وباء کی پیش نظر اضافی امداد مختص کی۔بین الاقوامی اداروں اور اقوام عالم کی جانب سے پاکستان کے اقدامات کو سراہا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت حکومت کی تمام تر توجہ معاشی بہتری پر مرکوز ہے۔ کورونا وباء کے پیش نظر شہریوں کی حفاظت اور معاشی سرگرمیوں میں استحکام و بڑھوتی دونوں مقصود ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات کا سب سے زیادہ بوجھ غریب عوام پر پڑ رہا ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ احساس کے دائرہ کار میں ممکنہ حد تک توسیع کی جائے۔