احتیاط نہ کرنے سے کورونا کے کیسز پھر سے بڑھنا شروع ہوگئے: مرتضیٰ وہاب

Published On 14 November,2020 10:33 am

کراچی: (دنیا نیوز) ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سردی کی شدت میں اضافے کیساتھ ہی کورونا کیسز بڑھنا شروع ہوگئے، یہ تاثر غلط ہے کہ ہمارے یہاں کورونا ختم ہوگیا ہے۔

کورونا وائرس کیسز کی شرح میں اضافہ سے متعلق ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی کورونا کوورنا کیسز کی شرح ساڑھے سات فیصد تک پہنچ چکی ہے، کورونا کی پہلی لہر میں احتیاط کے پیش نظر یہ شرح صرف ڈیڑھ دو فیصد تھی، کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے پہلے کی طرح احتیاط کرنا ہوگی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہری ماسک کے استعمال پر ہر صورت عملدرآمد کریں، گھر سے باہر نکلنے کی صورت میں اپنے منہ اور ناک کو ماسک یا کسی کپڑے سے ضرور ڈھانپیں۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 17 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 109 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 54 ہزار 461 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 165 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 9 ہزار 309، سندھ میں ایک لاکھ 53 ہزار 873، خیبر پختونخوا میں 41 ہزار 723، بلوچستان میں 16 ہزار 328، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 434، اسلام آباد میں 23 ہزار 533 جبکہ آزاد کشمیر میں 5 ہزار 261 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 48 لاکھ 81 ہزار 640 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 34 ہزار 535 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 22 ہزار 414 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 316 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 17 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 109 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 462، سندھ میں 2 ہزار 722، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 305، اسلام آباد میں 253، بلوچستان میں 155، گلگت بلتستان میں 93 اور آزاد کشمیر میں 119 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement