کراچی: (دنیا نیوز) پی ٹٰی آئی رہنما عامر لیاقت حسین کی طبعیت بگڑنے پر انھیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ کورونا میں مبتلا رکن اسمبلی نے عوام سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔
تفصیل کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی کے رکن عامر لیاقت حسین کو کورونا کی وجہ سے طبعیت بگڑنے پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے چند دن قبل کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو گھر میں قرنطینہ کیا ہوا تھا۔ خیال رہے کہ عامر لیاقت حسین کی اہلیہ بھی کورونا میں مبتلا ہیں تاہم ان کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے۔
رواں ماہ کی تاریخ 5 نومبر کو عامر لیاقت حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تھی۔ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں بتایا تھا کہ میں اور میری اہلیہ طوبیٰ عامر کورونا کا شکار بن چکے ہیں۔
We had tested Covid positive last week but his health has now deteriorated to a point where his chest is badly infected. It’s my birthday today but there is nothing to celebrate as he is terribly sick & hospitalised,pls pray for us. It’s a difficult time.Cant see him like this https://t.co/PUrPFENoQ6
— SYEDA TUBA AAMIR (@TubaAtweets) November 14, 2020
اب حال ہی میں عامر لیاقت حسین کی جانب سے ایک اور ٹویٹ کی گئی ہے جس میں انہوں نے عوام سے دعاؤں کی گزارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں کورونا سے لڑ نہیں رہا بلکہ پناہ مانگ رہا ہوں۔
دوسری جانب عامر لیاقت حسین کی اہلیہ طوبیٰ نے اپنی ٹویٹ میں بتایا ہے کہ ان کے شوہر کی طبعیت بگڑنے کے بعد انھیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ انھیں سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج میری سالگرہ ہے لیکن ہم اسے منا نہیں سکتے کیونہ عامر لیاقت شدید بیمار ہیں اور ہسپتال میں داخل ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ برائے کرم ہمارے لیے دعا کریں، یہ مشکل وقت ہے، میں انہیں ایسے نہیں دیکھ سکتی۔