اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں کورونا وائس کی دوسری لہر بے قابو ہونے کے بعد ہیلتھ انٹیلی جنس ایڈوائزی جاری کر دی گئی ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ سیاسی، مذہبی اور شادی تقریبات پر پابندی جبکہ سکولوں میں موسم سرما کی چھٹیاں کی جائیں۔
ہیلتھ ایڈوائزی کے مطابق کورونا وائرس کی دوسری لہر شدید ہو چکی ہے۔ گزشتہ 6 ہفتوں میں پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح 2 سے 6 فیصد ہو گئی ہے اور روزانہ 500 سے 2000 کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ کورونا کو روکنے کے لیے معاشی سرگرمیوں اور لاک ڈاؤن کے بغیر قومی سطح پر اقدامات کیے جائیں۔
ہیلتھ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ سیاسی، مذہبی اور شادی تقریبات پر پابندی عائد کی جائے۔ سکولوں، مدرسوں، سینماز، تھیٹرز اور مزاروں پر پروگراموں کی اجازت نہ دی جائے۔ اس کے علاوہ سکولوں میں چھٹیاں کی جائیں، مارکیٹوں میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا جائے جبکہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے کیے جائیں۔
ایڈوائزی میں تجویز کیا گیا ہے کہ ہائی رسک ایریاز میں ٹیسٹنگ کی شرح بڑھا دی جائے اور ٹیسٹنگ کٹس کی خریداری بڑے پیمانے پر کی جائے جبکہ
ہسپتالوں کی استعداد کار بڑھائی جائے۔