پشاور میں ضلعی انتظامیہ کی اجازت نہ ملنے کے باوجود پی ڈی ایم کا جلسہ جاری

Published On 22 November,2020 09:24 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں پی ڈی ایم نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باوجود جلسے کے لیے میدان سجا لیا ہے، مریم نواز، مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو، ایمل ولی، آفتاب شیرپائو اور دیگر قائدین خطاب کریں گے، جلسہ گاہ کو جانے والے تمام راستے بند کردیئے گئے۔

پشاور میں پی ڈی ایم نے جلسہ کی اجازت نہ دینے کے باوجود میدان سجا لیا گیا، رنگ روڈ کبوترچوک کے مقام پر اسٹیج سج گیا، ہر طرف سیاسی پارٹیوں کے جھنڈے لہرانے لگے۔

جلسہ گاہ میں گہما گہمی عروج پرہے، کرسیاں لگا دی گئیں، اسٹیج بھی تیار ہے، پی ڈی ایم میں شامل اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے، قائدین کا کہنا ہے کہ موبائل سروس بند کرنا درست نہیں، جلسہ گاہ کی طرف آنے والے راستے بند کرنے سے کارکنوں کو روکا نہیں جاسکتا۔

جلسہ میں گاہ میں 10 ہزارسے زائد کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ پولیس کی چار ہزار سے نفری کو بھی سیکورٹی کےلیے تعینات کیا گیا ہے۔

دریں اثنا پی ڈی ایم قائدین کیلئے بلور ہاؤس میں ظہرانہ دیا گیا جس میں بلاول بھٹو زرداری، مریم نواز، شاہد خاقان، مولانا فضل الرحمان اور آفتاب شیرپاؤ سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم، این آر او کے حصول کیلئے انسانی زندگیاں خطرے میں ڈال رہا ہے، واضح کردوں کہ لاکھوں جلسے کرلیں این آر او نہیں ملے گا۔ انہوں نے پشاور میں اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے جلسے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اپوزیشن این آر او کیلئے انسانی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہے، پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر سے صورتحال پہلے ہی تشویشناک ہے۔ پشاور میں وینٹی لیٹر پر جانیوالے کورونا مریضوں کی شرح 200فیصد رہی، 15 روز کے دوران کورونا مریضوں کی وینٹی لیٹر پر منتقلی بڑھی ہے۔ نتائج کی ذمہ دار پی ڈی ایم ہو گی۔
 

 

 

Advertisement