'جب حکومت ہاتھ سے نکلنے لگی تو وزیراعظم کورونا کی صدائیں لگانے لگے'

Published On 21 November,2020 03:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیری رحمان نے کہا ہے کہ شکر ہے اپوزیشن جلسوں کے بہانے عمران خان کو کورونا کا خیال آیا، جب حکومت ہاتھ سے نکلنے لگی تو وزیراعظم کورونا کی صدائیں لگانے لگے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے وزیراعظم کے ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا اپوزیشن عمران خان اور کورونا دونوں سے عوام کو نجات دلائے گی، وزیراعظم جس کورونا کو معمولی زکام کہتے تھے، آج اس کا نام لے کر ڈرا رہے ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پشاور میں پی ڈی ایم کا جلسہ ضرور ہوگا، حکومت سے اجازت کی ضرورت نہیں، انہیں صرف آگاہ کیا، حکومتی کورونا سے موت کا 100فیصد خطرہ ہے، اس کو جانا ہوگا۔

ادھر ترجمان مسلم لیگ نون مریم ارنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کی تباہی عمران خان کی مجرمانہ لاپرواہی اور غیر ذمہ دارانہ پالیسی کا نتیجہ ہے، عمران خان کی ریک لیس پالیسی کا نتیجہ آٹا، چینی دوائی، بجلی، گیس چوری کی شکل میں عوام بھگت رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی کرپٹ پالیسی عوام کا روٹی روزگار کاروبار کھا گئی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا خارجہ پالیسی سے سقوط کشمیر ہوا، معاشی پالیسی نے ملک کی معیشت تباہ کر دی، عمران خان جان لیں کہ کورونا کے پیچھے چھپنے سے پی ڈی ایم کا جلسہ نہیں رُکے گا، جلسہ مقررہ دن، وقت اور مقام پر تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہو کر رہے گا، عوام عمران خان کی سیلیکٹڈ نالائق، نا اہل اور کرپٹ حکومت سے نجات چاہتے ہیں۔
 

Advertisement