اپوزیشن جماعتوں نے فارن فنڈنگ کیس بلا تعطل چلانے کا مطالبہ کر دیا

Published On 08 November,2020 09:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس بلا تعطل چلانے اور آئی جی سندھ کے اغوا کی تحقیقاتی رپورٹ پبلک کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے انٹرویو کے بعد اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم قیادت کا پہلا اجلاس ہوا جس میں آصف زرداری نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں سٹیئرنگ کمیٹی کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ مشترکہ میثاق کے لیے بیٹھک 13 نومبر کو شیڈول کر لی گئی۔

ذرائع کے مطابق اس کے بعد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل گیارہ اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان کا اجلاس 14 نومبر کو طلب کر لیا گیا ہے۔ سربراہان اجلاس میں تحفظات دور کر کے پی ڈی ایم کے متفقہ بیانیہ پر مشاورت ہو گی۔

اجلاس میں پی ڈی ایم سٹیئرنگ کمیٹی کو ایک بار پھر فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سٹیئرنگ کمیٹی کے ارکان میں اکرم درانی، راجہ پرویز اشرف، شیری رحمن، شاہد خاقان عباسی، ایاز صادق، احسن اقبال شامل ہیں۔

Advertisement