پی ڈی ایم جماعتیں ایجنڈے پر متفق، دسمبر تک حکومت کو نہیں دیکھ رہا: فضل الرحمن

Published On 07 November,2020 07:11 pm

پشاور: (دنیا نیوز) جمیعت علماء اسلام (ف) کے مرکزی امیر اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی جماعتیں اپنے ایجنڈے پر متفق ہیں۔ اپوزیشن کی کاوشیں کامیابی کے قریب ہیں، دسمبر تک حکومت کو نہیں دیکھ رہا۔

ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی قائد مولانا فضل الرحمان نے مفتی محمود مرکز پشاور میں صوبائی عاملہ کے اراکین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا عطاء الحق درویش، شمس الرحمن شمسی، عبدالجلیل جان، مولانا احمد علی درویش اور دیگر ارکان بھی موجود تھے۔

مولانا فضل الرحمان صاحب نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں 25 جولائی 2018 کے دھاندلی زدہ انتخابات کے حوالے سے اپنے بیانئے ہر قائم ہیں انہوں نے کہا کہ گوجرانولہ کراچی اور کوئٹہ کے بعد پشاور جلسہ حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک کو بچانے، آئین کے استحکام قانون و اداروں کی بالادستی اور ملک وعوام کو موجودہ حکومت سے نجات دلانے کے لیے میدان میں اتر چکی ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں پروپیگنڈوں کے باوجود مشترکہ بیانیے پر قائم ہیں سلیکٹیڈ حکمرانوں کا زوال قریب ہے جنوری سے قبل ان شاءاللہ عوام کا غیض و غضب حکمرانوں کو گھر بھیجنے پر مجبور کردیگا۔
 

Advertisement