کراچی: ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں 16 دسمبر تک سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

Published On 03 December,2020 12:56 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کورونا کیسز میں اضافے کے بعد ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں 16 دسمبر تک سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ صرف اشیا ضروریہ کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کھل سکیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گلبرگ، لیاقت آباد، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد کے مخصوص علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاون لگایا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی جبکہ ماسک پہننا ضروری ہوگا، ان علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہوگی۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 39 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 8 ہزار 205 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 6 ہزار 810 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 499 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 21 ہزار 83، سندھ میں ایک لاکھ 77 ہزار 625، خیبر پختونخوا میں 47 ہزار 919، بلوچستان میں 17 ہزار 268، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 683، اسلام آباد میں 31 ہزار 165 جبکہ آزاد کشمیر میں 7 ہزار 67 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 56 لاکھ 27 ہزار 539 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 904 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 46 ہزار 951 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 469 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 39 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 205 ہوگئی۔ پنجاب میں 3 ہزار 91، سندھ میں 2 ہزار 968، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 378، اسلام آباد میں 329، بلوچستان میں 169، گلگت بلتستان میں 97 اور آزاد کشمیر میں 173 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement