ای ویزا پالیسی کو مزید فعال بنانے کیلئے وزیر خارجہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کمیٹی قائم

Published On 07 December,2020 08:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ای ویزا پالیسی کو مزید فعال بنانے کیلئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

اس اعلیٰ سطح کمیٹی کے قیام کا مقصد ملک میں سیاحت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ای ویزہ پالیسی کو مزید فعال بنانے کیلئے جامع سفارشات مرتب کرنا ہے۔

اس سلسلے میں اعلیٰ سطح کمیٹی برائے ای ویزہ پالیسی کا پہلا اجلاس وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وفاقی سیکرٹری داخلہ سیکرٹری خارجہ، سیکرٹری مذہبی امور اور سیکریٹری ہیلتھ، چیئرمین نادرہ عثمان مبین اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

چیئرمین نادرہ عثمان مبین نے ای ویزہ کی سہولت اور ای ویزہ کی مختلف کیٹیگریز کے حوالے سے شرکاء اجلاس کو مفصل بریفنگ دی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا اس موقع پر خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔ ای ویزہ پالیسی گزشتہ ڈیڑھ سال سے نافذ العمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ميں سیاحت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے ای ویزہ پالیسی کے حوصلہ افزا نتائج کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے اس پالیسی کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ اعلیٰ سطح کمیٹی ان تمام پہلوؤں اور عوامل کا جائزہ لے گی، جنہیں بروئے کار لا کر ہم ای ویزہ پالیسی کو مزید فعال اور نتیجہ خیز بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی تمام پہلوؤں پر غور و خوض اور مشاورت کے بعد جامع سفارشات کابینہ کی منظوری کیلئے وزیراعظم کو ارسال کرے گی۔