اسلام آباد: (اے پی پی) پاکستان اور سعودی عرب نے توانائی کے شعبے سمیت دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے نائیجر میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 47 ویں اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل کے مابین ملاقات کے دوران طے پایا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی امور، کثیر الجہتی فورم میں تعاون اور کوویڈ 19 کی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے جی 20 سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر سعودی قیادت کو مبارکباد دی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات گہرے اور مستحکم بنیادوں پر استوار ہیں۔
فریقین نے توانائی سمیت دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے او آئی سی کی امت مسلمہ کے لئے اہم پلیٹ فارم اور مسئلہ کشمیر میں پیشرفت کے حوالے سے تنظیم کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے اصولی حمایت پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ اور سٹریٹجک تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے علاقائی امن واستحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
دونوں فریقوں نے متعلقہ شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے اعلی سطح کے تبادلوں پر بھی اتفاق کیا۔