ریاض: (دنیا نیوز) سعودی وزیر خارجہ نے اسرائیلی وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ولی عہد اور اسرائیلی حکام کے درمیان ملاقات کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
شہزادہ فیصل بن فرحان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیساتھ ملاقات میں صرف امریکی اور سعودی حکام موجود تھے۔ خیال رہے کہ عالمی میڈیا پر اسرائیل وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے خفیہ دورہ سعودی عرب کی خبریں زیر گردش ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نے اتوار کے روز سعودی عرب کا خفیہ دورہ کیا اور صوبہ تبوک کے شہر نیوم میں ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
غیر ملکی میڈٰیا کے مطابق نتن یاہو اور محمد بن سلمان کی ملاقات کے دوران امریکی وزیر خارجہ بھی موجود تھے۔ اسرائیل کے وزیر تعلیم اور سرکاری میڈیا نے نتن یاہو کے دورہ سعودی عرب کی تصدیق کی ہے۔