اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نائیجر میں عرب امارات کی وزیر مملکت ریم الہاشمی سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور کورونا وبائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی اور امارات کی وزیر مملکت ریم الہاشمی کے مابین ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق ہوا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا پاکستان اور عرب امارات کے مذہبی، تہذیبی ہم آہنگی کی بنیاد پر دیرینہ تعلقات ہیں۔
اماراتی وزیر نے اسلامو فوبیا کیخلاف آواز اٹھانے پر شاہ محمود قریشی کے بیان کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے پاکستانی شہریوں کو یو اے ای کی ویزہ میں مشکلات دور کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔