وزیراعظم ہر اس گلے میں پھندا ڈالیں گے جس نے قوم کا پیسہ کھایا: شہباز گل

Published On 09 December,2020 11:31 am

سیالکوٹ: (دنیا نیوز) شہباز گل نے کہا ہے کہ صنعت کاروں کو 100 سے 150 ارب کا ریفنڈ تاریخی اقدام ہے، وزیراعظم ہر اس گلے میں پھندا ڈالیں گے جس نے قوم کا پیسہ کھایا۔

معاون خصوصی شہباز گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں صنعتوں کا پہیہ چل پڑا، ماضی میں فیصل آباد پر توجہ نہیں دی گئی، حکومت معاشی ترقی میں تاجر برادری کے کردار کی معترف ہے، حکومت نے برآمدات میں اضافے کیلئے خصوصی پیکج دیئے، ماضی میں مہنگے معاہدوں کی وجہ سے صنعتوں کو مہنگی بجلی دی جا رہی ہے، پاکستان کی معاشی ترقی میں سیالکوٹ کا اہم کردار ہے، روزگار ملے گا تو معیشت چلے گی، ملک کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

شہباز گل کا کہنا تھا فیصل آباد کی پاور لومز کوڑیوں کے بھاؤ بیچی جا رہی تھیں آج چلنے لگ گئیں، وزیراعظم عوام کو روزگار کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، 3 ہفتے پہلے فیصل آباد میں بتایا گیا کہ 2 لاکھ مزدوروں کی کمی کا سامنا ہے، خصوصی اقدامات سے ٹیکسٹائل کا شعبہ مکمل بحال ہوچکا، زرمبادلہ کے ذخائر 20 ارب تک پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 2021 تک پنجاب کے تمام لوگوں کو ہیلتھ انشورنس ملے گی، (ن) لیگ کو ہیلتھ انشورنس کی ضرورت ہے کیونکہ وہ بیمار رہتے ہیں۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ سٹاک ایکس چینج تیزی میں دوسرے نمبر پر اور ایشیا میں پہلے نمبر پر ہے، ٹیکسٹائل کو اوپر اٹھانے کیلئے مشکل فیصلے کرنے پڑے، پہلے سال 70، دوسرے سال وزیراعظم ہاؤس کے 60 فیصد اخراجات کم کیے، ان کے 5، 5 کیمپ آفسز تھے، عمران خان کا ایک بھی نہیں، زرداری جیسے 10 پرسنٹ کی موجودگی میں بھی صنعتکار اتنا تگڑا تھا کہ بچ گیا، عمران خان اپنا گھر، کیچن اپنی جیب سے چلاتے ہیں۔

شہباز گل نے کہا کہ روحیل اصغر نے کل جسے بیٹی کہا اس کے سامنے نازیبا زبان استعمال کی، کیا باپ بیٹی کے سامنے نازیبا زبان استعمال کرتا ہے ؟۔
 

Advertisement