بھارتی مالی معاونت سے لاہور پہنچائے جانے والے 5 دہشتگرد شاہدرہ سے گرفتار

Published On 10 December,2020 10:18 am

لاہور: (دنیا نیوز) بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کو ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑی، لاہور بڑی تباہی سے بچ گیا۔ بھارت کی فنڈنگ سے لاہور پہنچنے والے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

بھارت کے ناپاک عزائم پھر خاک میں مل گئے۔ پاکستان کی خفیہ ایجنسی اور سی ٹی ڈی نے شاہدرہ کے علاقے میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھارت کی فنڈنگ سے لاہور پہنچنے والے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی خفیہ ایجنسی کو اطلاع ملی تھی کہ سوئی گیس روڈ پر ایک گودام میں 5 افراد ٹھہرے ہیں، جن کی نقل و حرکت مشکوک ہے۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے خود ساختہ بم، ہینڈ گرنیڈ، اسلحہ، گولیاں، موبائل فون، نقدی برآمد کرلی گئی۔ گرفتار دہشت گردوں کے قبضہ سے حساس مقامات کے نقشے بھی ملے۔ خفیہ ایجنسی اور سی ٹی ڈی کی ٹیموں نے دہشت گردوں کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کیا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران دہشت گردوں نے اعتراف کیا کہ انہیں بھارتی خفیہ ایجنسی  را  کی مالی معاونت سے لاہور پہنچایا گیا۔ دہشت گردوں کو پنجاب سول سیکرٹریٹ کو نشانہ بنانے کا ہدف دیا گیا تھا۔ دہشت گردوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ افغانی انٹیلی جنس افسر سے جلال آباد میں ملاقات کی۔

تمام دہشت گردوں کا تعلق ہمسایہ ملک افغانستان سے ہے۔ سی ٹی ڈی نے گرفتار دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جس میں اہم انکشافات کی توقع ہے۔