لاہور: (دنیا نیوز) شہباز گل نے کہا ہے کہ سزا یافتہ مجرم کے کہنے پر استعفے سپیکر کے بجائے ریجیکٹڈ مولانا کے پاس جمع کرنا جعلی استعفوں کی دلیل ہے، عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے بجائے استعفے سپیکر کو دیں۔
معاون خصوصی وزیراعظم شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کے سٹیج پر اکٹھے یہ کرپشن زدہ چہرے پاکستان کی تباہی کے ذمہ دار ہیں، قوم جان چکی کرپشن آپ کا ایمان اور بلیک میلنگ آپ کے ہتھیار ہیں، جتنے مرضی جتن کر لو، ڈرامے بازیوں سے کام نہیں چلنے والا، طے ہو چکا کہ نئے پاکستان میں کرپشن کے ناسوروں کے لئے کوئی جگہ نہیں۔
ادھر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ڈنڈا بردار جتھے بد حواس پی ڈی ایم کی پریشانی ظاہر کر رہے ہیں، راجکماری اور اس کے چیلے معصوم عوام کو ڈنڈے تھما کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں، شاہی خاندان ذاتی مفادات کیلئے ایک بار پھر سیاست کو انتشار، فساد کیجانب دھکیل رہا ہے، سپریم کورٹ پر حملہ، اداروں پر پتھراؤ، دھمکیاں ن لیگ کی شناخت ہے۔