بروقت کورونا ویکسین آنے کی صورت میں ریگولر حج ہوگا، وفاقی وزیر مذہبی امور

Published On 16 December,2020 07:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ بروقت کورونا ویکسین آنے کی صورت میں ریگولر حج ہوگا، بصورت دیگر حاجیوں کی تعداد میں کمی سمیت ایس او پیز کے ساتھ حج کا امکان ہے۔

اے پی پی کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے آزمائشی بنیاد پر کورونا ایس او پیز کے ساتھ عمرہ کا آغاز کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے ابھی تک حج پالیسی پر کام شروع نہیں کیا کیونکہ ابھی تک سعودی وزارتِ حج کے ساتھ ہمارا ایم او یو طے نہیں پا سکا۔

ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر یہ کام نومبر کے آخر تک مکمل ہو جاتا ہے۔ گزشتہ سال بھی ہم نے نومبر میں کام مکمل کر لیا تھا، مگر اس کے بعد کورونا وائرس کی وبا آ گئی۔

ایک اور سوال کے جواب میں پیر نور الحق قادری نے کہا کہ سعودی حکومت کورونا ویکسین کا انتظار کر رہی ہے، اگر بروقت کورونا ویکسین آ جاتی ہے اور یہ کامیاب بھی ہو جاتی ہے تو ریگولر حج ہوگا ورنہ حاجیوں کی تعداد میں کمی بھی کی جا سکتی ہے اور ایس او پیز کے ساتھ حج کا امکان ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرح ہم لوگوں سے درخواستیں نہیں لے سکتے۔ جب بھی کوئی حتمی صورتحال سامنے آئی تو اس وقت ہی کوئی پیشرفت ہو سکتی ہے۔