گندگی نے باغوں کے شہر کا حسن گہنا دیا، لاہور میں کوڑے کے ڈھیر لگ گئے

Published On 23 December,2020 06:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس بھی کام نہ آیا۔ شہر کی اہم شاہراہوں، سڑکوں، چوراہوں اور گلی محلوں میں گندگی کے ڈھیر بدستور لگے ہیں۔

ایل ڈبلیو ایم سی کی حکمت عملی بھی سود مند ثابت نہ ہو سکی۔ شہری کہتے ہیں کہ 10روز سے شہر کی صفائی ستھرائی ہی نہیں کی جا رہی۔ صفائی کمپنیوں اور ایل ڈبلیو ایم سی کے تنازع کے باعث شہر گندگی سے اٹ گیا۔

گڑھی شاہو بازار، فتح گڑھ، ڈیوس روڈ، ملتان روڈ، گلبرگ، شاہ جمال میں گندگی کے پہاڑ بن گئے۔ اچھرہ، علامہ اقبال روڈ، ایبٹ روڈ، دھرم پورہ، ایمپرس روڈ، جی ٹی روڈ پر بھی ہر طرف کوڑا ہی کوڑا نظر آ رہا ہے۔

کوڑے کے کنٹینرز بھر جانے سے تعفن پھیلنے لگا۔ شہریوں کا سانس لینا محال ہو چکا ہے۔ گندگی کے باعث شہری مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے۔ اس صورتحال میں شہریوں کا پارہ بھی ہائی ہونا شروع ہو گیا ہے۔

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور صفائی کمپنیوں کا تنازع کا حل نہیں نکل رہا اور مالی مشکلات بھی آڑے آ رہی ہیں جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔