کورونا: آئندہ سال بھی محدود عازمین کا حج ادا کرنیکا امکان

Published On 28 December,2020 02:48 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث رواں سال کی طرح آئندہ سال 2021 میں بھی معمول کی بجائے محدود عازمین اور ایس او پیز کے ساتھ حج ادا کئے جانے کا امکان ہے۔

سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان سمیت دیگر ممالک کیساتھ حج 2021 کے معاہدہ کیلئے تاحال کوئی ہدایات نہیں ملیں جس وجہ سے پاکستان سمیت دیگر ممالک حج پالیسی مرتب نہیں کرسکے۔ ذرائع کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے 2021 میں ایس اوپیز اور حفاظتی تدابیر کے ساتھ محدود سطح پر حج ادا کیا جائیگا، جس کے لئے سعودی حکومت باضابطہ ہدایات جاری کرے گی، جس کی روشنی میں ہی عازمین حج درخواستیں جمع کراسکیں گے۔

مہلک وبا کی وجہ سے 2020 میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے عازمین حج فریضہ حج کی ادائیگی سے محروم رہے۔ ذرائع کے مطابق اگر آئندہ چند ماہ میں کورونا ویکسین دستیاب ہو بھی جاتی ہے تو بھی معمول کا حج ہونا مشکل ہوگا، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین حج معاہدہ طے ہونے کے بعد وزارت مذہبی امور حج پالیسی مرتب کرتی ہے جس میں سرکاری سکیم کا حج پیکیج، پرائیوٹ کوٹہ اور دیگر امور فائنل کئے جاتے ہیں۔
 

Advertisement