اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز گل نے کہا ہے کہ شرم نااہل لیگ کے قریب سے نہیں گزری، کرپٹ چور ایک دوسرے کی پشت پناہی اور وکالت کرتے ہیں، ریاست کی بدنامی کا باعث بننے والے ڈھٹائی سے جھوٹ بول رہے ہیں۔
معاون خصوصی شہباز گل نے ایاز صادق کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نسل در نسل شریفی غلام، آقاؤں کی خوشنودی کیلئے ملکی اداروں کو متنازعہ بنا رہے ہیں، بھارتی بیانیے کا پاکستان میں پرچار کرنے والوں کے منہ کالے ہونے ہیں، خواجہ آصف اور ایاز صادق جیسے پارسائی کا لبادہ اوڑھے چوروں کا مقدر ذِلت و رسوائی ہے، میڈیا پر کرپٹ لیگ کے چور، درباری روز ایک دوسرے کی پشت پناہی اور وکالت کرتے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ 2020 میں اپوزیشن کو ان کے غیر جمہوری ہتھکنڈوں نے ناک آﺅٹ کر دیا، حکومت کو گرانے کیلئے بننے والا اتحاد اپنے مفادات، سوچ اور بیانیے کی بھینٹ چڑھ گیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوری میں تبدیلی نئے سال کی ہوگی اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں فیصلہ کن جدوجہد کے نئے مرحلے کا آغاز ہوگا، ہمارے فیصلوں اور پالیسی کا محور پاکستان کےعوام ہیں۔