کابینہ کمیٹی کا چینی کمپنی سائنو فارم سے ویکسین خریدنے کا فیصلہ: فواد چودھری

Published On 31 December,2020 09:39 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کابینہ کمیٹی نے چینی کمپنی سائنو فارم سے ویکسین خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔ فواد چودھری نے کہا کہ ابتدائی طور پر سائنو فارم سے 12 لاکھ ڈوز خریدی جائیں گی۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین 2021 کی پہلی سہ ماہی میں فرنٹ لائن ورکرز کو مفت لگے گی، پرائیویٹ سیکٹر عالمی طور پر منظور ویکسین امپورٹ کرسکتا ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا تھا کہ کیبنٹ کمیٹی کے اجلاس میں 10 لاکھ کورونا ویکسین خریدنے کی منظوری دی گئی ہے جو تمام فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو فراہم کی جائے گی۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ جتنی جلدی ڈریپ کے ماہرین ویکسین کی منظوری دیتے ہیں، ہمارا ہدف جنوری کی پہلی سہ ماہی میں ویکسین کی فراہمی ہے۔

ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 58 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 10 ہزار 105 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 79 ہزار 715 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 475 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 37 ہزار 949، سندھ میں 2 لاکھ 14 ہزار 425، خیبر پختونخوا میں 58 ہزار 379، بلوچستان میں 18 ہزار 148، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 856، اسلام آباد میں 37 ہزار 702 جبکہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 256 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 66 لاکھ 96 ہزار 68 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39 ہزار 695 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 4 لاکھ 35 ہزار 73 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 206 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 58 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 10 ہزار 105 ہوگئی۔ پنجاب میں 4 ہزار 13، سندھ میں 3 ہزار 533، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 638، اسلام آباد میں 416، بلوچستان میں 183، گلگت بلتستان میں 101 اور آزاد کشمیر میں 221 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement