کورونا کیسز: کراچی کے ضلع غربی کی 7 یوسیز میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

Published On 29 December,2020 11:08 am

کراچی: (دنیا نیوز) کورونا کیسز میں اضافے کے بعد کراچی کے ضلع غربی کی 7 یوسیز میں آئندہ 14 روز کیلئے مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔

کراچی کے ضلع غربی میں کورونا کیسز میں اضافے پر ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی۔ اورنگی ٹاؤن اور مومن آباد کی 7 یونین کونسلرز میں 29 دسمبر سے 11 جنوری تک مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون نافذ کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ علاقوں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، سماجی تقریبات اور تجارتی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی، صنعتی یونٹس بھی بند رہیں گے۔ کریانہ، میڈیکل سٹورز سمیت ضروری اشیاء کی دکانیں مخصوص اوقات میں کھلیں گی۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 63 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 9 ہزار 992 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 75 ہزار 85 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 776 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 36 ہزار 669، سندھ میں 2 لاکھ 12 ہزار 93، خیبر پختونخوا میں 57 ہزار 746، بلوچستان میں 18 ہزار 99، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 853، اسلام آباد میں 37 ہزار 390 جبکہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 235 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 66 لاکھ 19 ہزار 983 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 30 ہزار 666 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 4 لاکھ 25 ہزار 494 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 259 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 63 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 9 ہزار 992 ہوگئی۔ پنجاب میں 3 ہزار 959، سندھ میں 3 ہزار 502، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 617، اسلام آباد میں 412، بلوچستان میں 182، گلگت بلتستان میں 101 اور آزاد کشمیر میں 219 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement